Justuju Tv جستجو ٹی وی

Equipped with Google Analytics:


Sunday, June 14, 2009

ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) .. London Office








ندن (رپورٹ رضیہ سلطانہ) ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے بیرون ملک خاص طور پر یورپ اور امریکہ میں مقیم ممبران کو جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں معلومات کی فراہمی کے لئے جمعرات کو وسطی لندن کے علاقے ماربل آرچ ٹاور میں ڈی ایچ اے کسٹمر سپورٹ سنٹر کا باضابطہ افتتاح ہوا۔ ڈی ایچ اے اسلام آباد کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ کرنل (ر) اقتدار احمد فاروقی نے افتتاح کیا۔ میڈیا لانچ کے اس موقع پر بحریہ ٹاؤن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سلمان احمد خان اور سیلز ایگزیکٹو عمرانہ احتشام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کرنل (ر) اقتدار فاروقی نے کہا کہ لندن میں ڈی ایچ اے کسٹمر سپورٹ سنٹر کے قیام کا مقصد اسلام آباد میں جاری منصوبوں کے حوالے سے صارفین کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنانا ہے جس کے تحت ڈی ایچ اے اسلام آباد کے مختلف پراجیکٹس کے لئے صارفین کو بکنگ، اقساط کی ادائیگی، ڈیپازٹ، پلاٹوں کی منتقلی اور دیگر مسائل کے حل سمیت تمام ممکنہ معلومات اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈی ایچ اے اسلام آباد صارفین سے روابط کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ بہتر سے بہتر خدمات کی فراہمی کے لئے سمندر پار صارفین کو جدید ترین کسٹمر سپورٹ سروس فراہم کرنے کے حوالے سے پرعزم ہیں۔ ادارہ اور اس کا عملہ ڈی ایچ اے کو حال اور مستقبل میں رہائش کے لئے منتخب کرنے والوں کے لئے ایک محفوظ اور سہولیات سے مزین کمیونٹی کے قیام کی کوششوں میں مصروف ہے۔ کرنل (ر) اقتدار فاروقی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈی ایچ اے اتھارٹی پاکستان کا ایک معتبر نام ہے جو گزشتہ کئی دہائیوں سے صارفین کو اعلیٰ خدمات کی فراہمی کو اپنا نصب العین بنائے ہوئے ہے اور سب سے بڑھ کر ادارے پر لوگوں کا اعتماد ہے اس لئے وہ بیرون ملک موجود ممبران سے یہی کہیں گے کہ اب جبکہ وہ ڈی ایچ اے کا حصہ بن گئے ہیں لہٰذا انہیں قطعی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، ان کا سرمایہ محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ علاوہ ازیں صارفین کو ڈی ایچ اے اور اس کے پارٹنر بحریہ ٹاؤن کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہی کے حوالے سے آئندہ دنوں میں بھرپور ری انفورسمنٹ کمپین چلائی جائے گی تاکہ صارفین اپنی آنکھوں سے وہاں جاری منصوبوں اور ان پر کئے جانے والے کام کا جائزہ لے سکیں۔ ڈی ایچ اے سیکٹر ایف، ڈیفنس ولاز، بزنس بے سمیت دیگر منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کرنل (ر) اقتدار فاروقی نے کہا کہ یہ منصوبے تقریباً مکمل ہو چکے ہیں جن پر بڑا بہترین ردعمل ملا ہے جبکہ تمام منصوبے ریکارڈ مدت میں فروخت ہوئے ہیں۔ بحریہ ٹاؤن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سلمان احمد خان نے کہا کہ ڈیفنس ولاز مقررہ مدت سے قبل تیار کئے گئے ہیں اور قبضے کے لئے تیار ہیں۔ ڈی ایچ اے ویلی کی تفصیلات بتاتے ہوئے سلمان احمد خان نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا منصوبہ ہے جس پر گراس روٹ لیول سے صارفین کو زیادہ سے زیادہ اور جدید ترین سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے زلزلے اور دیگر قدرتی آفات سے بچاؤ کے لئے حفاظتی بنیادوں کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ لاس اینجلس کی ٹاؤن اور ماسٹر پلاننگ کی ماہر کمپنی اس کام کو سر انجام دے رہی ہے۔ ویلی سے منسلک 9.2 کلومیٹر لمبی ایکسپریس وے پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے اس منصوبے کی تکمیل کے لئے تین سے چار سال کا ہدف رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرنل (ر) اقتدار فاروقی دبئی سے لندن آئے ہیں جہاں کسٹمر سپورٹ سنٹر مڈل ایسٹ کی مارکیٹ کو سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ یورپ اور امریکہ کے صارفین کو اب پاکستان یا کہیں اور سے معلومات کے حصول کی بجائے لندن میں کسٹمر سنٹر قائم کر دیا گیا ہے جہاں انہیں ممکنہ سوالات اور مسائل کے حل کی ممکنہ کوشش کی جائے گی۔ سلمان احمد خان نے زور دیا کہ بیرون ملک آباد پاکستانی اپنے ملک میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیں۔ ملک کو اس کی ضرورت ہے۔ سیکورٹی کے حوالے سے ایک سوال پر سلمان احمد خان نے کہا کہ صارفین کو ہر ممکن تحفظ کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس کے لئے اسٹیفر ڈاگ سمیت دیگر تیکینکی اور حساس سیکورٹی آلات کی تنصیب منصوبے کا حصہ ہے۔

No comments: